اسلام آباد (لارڈ میڈیا): آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام ملک بھر کے طلبہ و طالبات کے لیے سمر کیمپ 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان بھر کے 18 سے زائد اسٹیشنز سے 4000 سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔
رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر انیس احمد نے سمر کیمپ کے شرکا کے ساتھ خصوصی نشست کی، جس میں پاکستان کے ماضی، حال اور مستقبل اور دو قومی نظریے پر گفتگو کی گئی۔
ڈاکٹر انیس احمد نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظریہ پاکستان نے برصغیر کے مسلمانوں کو الگ شناخت اور آزاد وطن کے لیے متحد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی، سماجی اور قانونی تحفظ فراہم کرتا ہے۔
ڈاکٹر انیس احمد نے بھارت کی انتہا پسندانہ پالیسیوں اور اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کو بھارت کے سیکولر چہرے کو مزید واضح کرنے کا سبب قرار دیا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو اصولی اور مستقل قرار دیا۔
انہوں نے نوجوانوں کو تحقیق اور مستند ذرائع کی مدد سے اپنی آزادانہ رائے قائم کرنے کی ترغیب دی اور کہا کہ وہ پاکستان کی تعمیرِ نو میں اپنا کردار ادا کریں۔
آئی ایس پی آر کا سمر کیمپ نوجوانوں کی صلاحیتیں نکھارنے اور قومی شعور کی بیداری کے لیے ایک اہم قدم ہے۔


