بنوں (لارڈ میڈیا): خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں میریان پولیس اسٹیشن کے قریب بدھ کی شام ایک خودکش حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ بارود سے بھری گاڑی کے ٹکرانے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور پانچ افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال بنوں منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
ڈی پی او بنوں فرقان بلال نے بتایا کہ دھماکے کے بعد پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن کیا۔
کمشنر بنوں ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود، ڈی آئی جی بنوں ریجن رب نواز خان نے ڈی ایچ کیو اسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی حالت دریافت کی۔
شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ پولیس لائنز بنوں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی جس میں اعلیٰ حکام اور شہریوں نے شرکت کی۔


