شنگھائی (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے بدھ کے روز شنگھائی کے ایک معائنہ دورہ کے موقع پر اعلیٰ معیار کی شہری تجدید کو آگے بڑھانے پر زور دیا ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے شہری ترقی کے حوالے سے عوام دوست فلسفے کو مکمل طور پر اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ شہری تجدید کے منصوبوں پر جامع، باریک بینی اور موثر انداز میں عملدرآمد کیا جانا چاہیے تاکہ عوام کے احساس اطمینان، خوشحالی اور تحفظ میں مسلسل اضافہ کیا جا سکے۔
ہوانگ پو ضلع میں صدر شی نے ایک رہائشی کمیونٹی کا دورہ کیا، جہاں 1950 کی دہائی میں تعمیر کی گئی 4 رہائشی عمارتوں کی تزئین و آرائش اور جدید خطوط پر اپ گریڈیشن کی گئی ہے، جس سے مکینوں کے رہائشی حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی شہری ترقی کو انتہائی اہمیت دیتی ہے اور عوام کے لئے جدید شہر تعمیر کرنے کا عزم رکھتی ہے، جس میں پرانی رہائشی بستیوں کی تزئین و آرائش ایک اہم جزو ہے۔
ایک ریٹائرڈ شہری کے گھر میں شی نے رہائشی حالات کا تفصیلی جائزہ لیا اور کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ عوام کی خدمت کے لئے وقف ہے اور جب عوام امن، اطمینان اور خوشحالی کی زندگی گزاریں گے تو ہی پارٹی اور حکومت مطمئن ہو سکیں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریٹائرڈ افراد اپنی ریٹائرمنٹ کی زندگی سے بھرپور استفادہ کریں گے اور اپنے خاندانوں کے ساتھ مزید بہتر زندگی گزاریں گے۔
بعد ازاں شی نے کمیونٹی میں تازہ پھلوں اور سبزیوں کی ایک دکان کا دورہ کیا اور وہاں پھلوں اور سبزیوں کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کمیونٹی گورننس کو مزید موثر بنانے، سہولیات سے آراستہ کمیونٹیز قائم کرنے اور عوام کے لئے آسان اور جامع طرزِ زندگی کے حلقے تشکیل دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
معائنہ دورے میں شی نے کہا کہ اس وقت چین سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے ایک نہایت اہم مرحلے میں ہے۔ انہوں نے تمام مقامی حکام پر زور دیا کہ وہ بدترین اور غیر معمولی حالات کے لئے پیشگی تیاری کریں، بارشوں، سیلابی صورتحال اور طوفانوں کی پیش رفت پر کڑی نظر رکھیں، ممکنہ خطرات کی نشاندہی کے لئے جامع اور باریک بینی سے معائنہ کریں اور سیلاب سے بچاؤ، ہنگامی امدادی اقدامات اور آفات سے نمٹنے کے کاموں کو موثر انداز میں انجام دیں تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل آفس کے ڈائریکٹر کائی چھی بھی اس معائنہ دورہ میں صدرشی کے ساتھ تھے۔


