لاہور (لارڈ میڈیا) : والٹن روڈ پر ایک ناکام عاشق نے شادی سے انکار پر خاتون پر آتش گیر مادہ پھینک کر آگ لگا دی۔ واقعے میں ملزم خود بھی جھلس گیا۔ دونوں کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے جناح اسپتال کا دورہ کیا اور متاثرہ خاتون سے ملاقات کی۔ انہوں نے خاتون کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی اور ایم ایس، ڈاکٹرز اور اسپتال انتظامیہ سے بریفنگ لی۔
حنا پرویز بٹ نے اسپتال انتظامیہ کو متاثرہ خاتون کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور بتایا کہ معاملے کا مقدمہ تھانہ فیکٹری ایریا میں درج کر لیا گیا ہے۔
متاثرہ خاتون اپنے 4 سالہ بیٹے کو مدرسے میں داخل کروانے جا رہی تھی جب ملزم نے اسے روکا اور آتش گیر مادہ پھینک کر آگ لگا دی۔ خاتون کے چہرے، بال اور جسم کے مختلف حصے جھلس گئے۔
حنا پرویز بٹ کے مطابق ملزم پہلے بھی دو شادیاں کر چکا تھا۔ خواتین کو ہراساں کرنا ناقابل برداشت جرم ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا واضح پیغام ہے کہ خواتین پر تشدد کرنے والوں کو رعایت نہیں دی جائے گی۔


