اسلام آباد (لارڈ میڈیا): ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افشا اعجاز صوفی نے ماجد ستی قتل کیس میں مرکزی ملزم فرخ کھوکھر کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے فرخ کھوکھر سمیت تین مجرمان کو عمر قید کی سزا دی جبکہ ایک ملزم وسیم کو بری کر دیا گیا۔
سزا سنائے جانے کے بعد فرخ کھوکھر اور دیگر مجرمان کو کمرہ عدالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ فرخ کھوکھر ضمانت پر تھا جبکہ دیگر مجرمان کو جیل سے عدالت میں لایا گیا تھا۔ عدالت نے سخت سکیورٹی حصار میں فرخ کھوکھر کو اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دیا۔
فیصلہ سناتے وقت مقتول کے ورثا اور لواحقین کی بڑی تعداد جوڈیشل کمپلیکس میں موجود تھی جبکہ مجرموں کے حمایتی بھی بڑی تعداد میں وہاں پہنچے تھے۔ امن وامان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے 23 اگست 2022 کو ماجد ستی کو بے دردی سے قتل کیا تھا۔ تھانہ صادق آباد پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔ مقتول ماجد ستی کا تعلق پی ٹی آئی سے تھا اور انہیں پلاٹ پر قبضہ روکنے کے دوران قتل کیا گیا۔ فرخ کھوکھر پیپلز پارٹی سے مستعفی ہو کر جمعیت علمائے اسلام میں شامل ہو گئے تھے۔


