اسلام آباد (لارڈ میڈیا): قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ ایک ہی شخص نے کئی کمپنیاں بنائیں اور تمام ٹول پلازے اسی کو دیے گئے ہیں۔ سید حفیظ الدین کی زیر صدارت مواصلات کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی وقت پر عدم تکمیل پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔
این ایچ اے حکام نے بتایا کہ فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے منصوبوں میں تاخیر ہوتی ہے۔ اگر بروقت فنڈ ملے تو منصوبے مقررہ مدت میں مکمل ہوں گے۔ حکام نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں 109 ٹول پلازہ بنائے گئے ہیں، جن میں سے 90 کی ٹینڈرنگ ہوچکی ہے۔
کمیٹی کے کنوینیئر نے انکشاف کیا کہ ایک ہی شخص نے کئی کمپنیاں بنائیں اور سارے ٹول پلازے اسی کو دیے گئے ہیں، جس کی خبریں اخباروں میں بھی آچکی ہیں۔
قائمہ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں ٹول پلازہ کی ٹینڈرنگ دستاویزات طلب کرلی ہیں اور چیئرمین این ایچ اے و سیکرٹری مواصلات کو بھی طلب کرلیا ہے۔ کنوینیئر نے کہا کہ عدم حاضری کی صورت میں تحریک استحقاق لائی جائے گی۔


