ہومانٹرنیشنلقطر نے سمندری سرگرمیاں معطل کر دیں، ایرانی حملوں کی مذمت

قطر نے سمندری سرگرمیاں معطل کر دیں، ایرانی حملوں کی مذمت

دوحہ (لارڈ میڈیا): قطر نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر ملک بھر میں بیشتر سمندری سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ قطر نے ایران کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں قطر کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

قطری وزارتِ ٹرانسپورٹ کے بیان کے مطابق عوامی تحفظ کے مدنظر تمام تفریحی کشتیوں، ماہی گیری کی کشتیوں، جیٹ اسکیز اور دیگر چھوٹی سمندری گاڑیوں کی نقل و حرکت فوری طور پر روک دی گئی ہے۔ یہ پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہے اور آئندہ اطلاع تک برقرار رہے گی۔

وزارت نے وضاحت کی ہے کہ بین الاقوامی بحری معاہدوں کے تحت چلنے والے تجارتی اور بین الاقوامی جہاز اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے اور وہ مقررہ قوانین اور ضابطوں کے مطابق اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے۔

قطری حکام نے شہریوں اور کشتی مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر مکمل عمل کریں اور کسی بھی نئی پیش رفت سے متعلق معلومات صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کریں۔

قطر کی وزارتِ خارجہ نے ایران کے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائیاں قطر کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ایران کی حالیہ کارروائیاں خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں اور کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بن سکتی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ قطر اپنے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی قانون کے مطابق مناسب اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے، تاہم دوحہ نے خطے میں فوری جنگ بندی، کشیدگی کے خاتمے اور سفارتی مذاکرات کی بحالی پر بھی زور دیا ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق آبنائے ہرمز اور خلیجی خطے میں حالیہ کشیدگی کے باعث بحری نقل و حمل، توانائی کی ترسیل اور علاقائی سلامتی سے متعلق خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے پیش نظر خلیجی ممالک مسلسل حفاظتی اقدامات کر رہے ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں