ہومانٹرنیشنلشیخ محمد بن راشد 77 ویں سالگرہ منانے کے لیے اسکاٹ لینڈ...

شیخ محمد بن راشد 77 ویں سالگرہ منانے کے لیے اسکاٹ لینڈ پہنچ گئے

اسکاٹ لینڈ (لارڈ میڈیا) : دبئی کے حکمراں اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد نے اپنی 77 ویں سالگرہ منانے کے لیے اسکاٹ لینڈ کا انتخاب کیا ہے۔ 15 جولائی کو ہونے والی اس تقریب کے لیے شیخ محمد اپنے نجی طیارے کے ذریعے انورنیس ایئرپورٹ پہنچے اور وہاں سے تقریباً 60 گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ انویرینیٹ اسٹیٹ روانہ ہوئے۔

یہ تاریخی اسٹیٹ 63 ہزار ایکڑ پر محیط ہے اور اسکاٹ لینڈ کے خوبصورت پہاڑی علاقے لوخ ڈوئچ کے کنارے واقع ہے، جس میں متعدد رہائشی عمارتیں، مہمان خانے اور 3 ہیلی پیڈز شامل ہیں۔ دبئی کے حکمراں کے ہمراہ 3 ہیلی کاپٹرز بھی موجود تھے، جبکہ قافلے میں رینج روورز، مرسیڈیز اور سیکیورٹی گاڑیوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔

مقامی رہائشیوں کے مطابق اس علاقے میں اتنے بڑے سیکیورٹی قافلے کی آمد پہلی بار دیکھی گئی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق، ایئرپورٹ پہنچنے پر شیخ محمد بن راشد نسبتاً سنجیدہ دکھائی دیے، تاہم بعد میں وہ اہلِ خانہ اور قریبی ساتھیوں کے ساتھ اسکاٹ لینڈ کے دلکش پہاڑی علاقوں میں چہل قدمی کرتے نظر آئے۔

شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کئی دہائیوں سے گرمیوں کے موسم میں اسکاٹ لینڈ کا رخ کرتے ہیں اور انویرینیٹ اسٹیٹ کو اپنی پسندیدہ رہائش گاہوں میں شمار کرتے ہیں۔ قدرتی حسن، شکار، گھڑسواری اور پرسکون ماحول کے باعث یہ علاقہ ان کی ذاتی پسندیدہ منزل سمجھا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ شیخ محمد بن راشد کو جدید دبئی کا معمار بھی کہا جاتا ہے۔ ان کی قیادت میں برج خلیفہ، دبئی مال، دبئی میٹرو اور دیگر عالمی معیار کے منصوبے مکمل ہوئے، جبکہ امارات ایئرلائن کو دنیا کی نمایاں فضائی کمپنیوں میں شامل کرنے میں بھی ان کا کلیدی کردار رہا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں