پشاور (لارڈ میڈیا): خیبرپختونخوا میں پہلی بار ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت متعارف کرا دی گئی ہے، جس کی مدد سے شہری اب اپنا لائسنس موبائل فون میں محفوظ رکھ سکیں گے۔ چیف ٹریفک آفیسر پشاور ڈاکٹر زاہد اللہ کے مطابق یہ سہولت "رابطہ” ایپ کے ذریعے فراہم کی گئی ہے۔ شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر اور ڈرائیونگ لائسنس نمبر درج کرکے قانونی طور پر قابل قبول ڈیجیٹل لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر زاہد اللہ نے کہا ہے کہ اس اقدام کے بعد کاغذی ڈرائیونگ لائسنس ہر وقت ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں رہی گی اور ٹریفک چیکنگ کے دوران موبائل فون میں موجود ای لائسنس ہی قابل قبول ہوگا۔ حکام کے مطابق یہ اقدام خیبرپختونخوا ٹریفک پولیس کی ڈیجیٹل گورننس پالیسی کا حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کو جدید، تیز رفتار اور آسان سہولیات فراہم کرنا ہے۔
اس سے قبل بھی پشاور ٹریفک پولیس کی جانب سے بیرون ملک سفر کرنے والے شہریوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن ویزا تصدیق کی سہولت متعارف کرائی جا چکی ہے، جس سے ہزاروں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹر زاہد اللہ کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کو غیر ضروری دفتری چکر اور وقت کے ضیاع سے نجات ملے گی۔


