ہومUncategorizedملک بھر میں پانی کا بحران سنگین، زیر زمین ذخائر تیزی سے...

ملک بھر میں پانی کا بحران سنگین، زیر زمین ذخائر تیزی سے کم ہونے لگے

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): ملک بھر میں زیر زمین پانی کے ذخائر تیزی سے کم ہونے کے باعث پانی کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے۔ شدید گرمی اور بڑھتی ہوئی طلب نے صورتحال کو مزید بگاڑ دیا ہے، جبکہ شہری مختلف شہروں میں ٹینکر مافیا اور غیر مستقل فراہمی پر انحصار کرنے پر مجبور ہیں۔

پاکستان کے کئی شہروں میں پینے کے صاف پانی کی کمی ایک بڑا مسئلہ بنتی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق زیر زمین پانی کی سطح مسلسل گرنے سے پانی کے بحران کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں زیر زمین پانی کی سطح 400 فٹ تک پہنچ چکی ہے، جس سے شہری صاف پانی حاصل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ٹینکر مافیا پر انحصار کرنے سے شہریوں کو اضافی مالی بوجھ بھی برداشت کرنا پڑتا ہے۔

کراچی میں پانی کا بحران برقرار ہے جہاں پانی کی سپلائی مستقل نہیں ہوتی۔ لاکھوں شہری ٹینکروں کے ذریعے پانی خریدنے پر مجبور ہیں اور قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

لاہور میں پائپ لائنوں کے ذریعے پانی کی فراہمی ہوتی ہے، لیکن متعدد علاقوں میں صاف پینے کا پانی نہیں پہنچ رہا، جس سے شہری واٹر فلٹر پلانٹس سے پانی بھرنے پر مجبور ہیں۔

پشاور میں زیر زمین پانی کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں، ماہرین کے مطابق پانی کی سطح گزشتہ تین دہائیوں میں ساڑھے چھ میٹر نیچے جا چکی ہے۔

بلوچستان میں 11 اضلاع میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت ہے، کوئٹہ میں ایک پانی کا ٹینکر 5 سے 6 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ شہری واسا کی ناکامی پر نالاں ہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر زیر زمین پانی کے بے دریغ استعمال پر قابو نہ پایا گیا تو ملک کو مستقبل میں پانی کے بڑے بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں