اسلام آباد (لارڈ میڈیا) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ ان بارشوں سے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آج اور کل بادل جم کر برسیں گے، جس کے باعث انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کشمیر اور خیبر پختونخوا کے کچھ علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
بلوچستان کے شمال مشرقی اضلاع اور سندھ کے تھرپارکر کے مخصوص علاقوں میں بھی بادل برسنے کی امید ہے۔
محکمہ موسمیات نے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں۔
ہری پور، تحصیل خانپور اور غازی میں حالیہ موسلا دھار بارشوں نے ندی نالوں میں طغیانی پیدا کر دی ہے، جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔
جی ٹی روڈ سمیت مختلف دیہاتوں کو ملانے والی سڑکیں پانی میں ڈوب گئی ہیں اور خان پور کا ترناوہ پل بھی پانی سے بھر چکا ہے، جس سے آمد و رفت متاثر ہے۔


