دوحہ (لارڈ میڈیا): ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر قطر اور چین نے گہرے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے، جنگی صورتحال کو مزید بڑھنے سے روکنے اور سفارتی مذاکرات جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔
قطر نے ایران کی جانب سے کویت اور بحرین پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں خطے کے امن و استحکام کے لئے نقصان دہ قرار دیا ہے۔ قطری وزارت خارجہ نے خطے کو بلاجواز حملوں کے نتائج سے محفوظ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وزارت نے کشیدگی میں کمی کے لئے سفارت کاری کی راہ اختیار کرنے اور ایران و امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی پیش رفت آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ قطر نے ایران و امریکا کے درمیان سفارتی رابطوں میں ثالثی کا کردار ادا کیا ہے، اور اس کا بیان خاص اہمیت رکھتا ہے۔
بیجنگ میں چین نے بھی امریکا کی جانب سے ایران میں اہداف پر حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پر تشویش ظاہر کی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نِنگ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ہے اور مذاکرات اور سفارتی ذرائع اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
چینی حکومت نے ایران اور امریکا دونوں پر تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مذاکرات کے ذریعے اختلافات حل کرنے کی کوشش کرنے پر زور دیا ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق قطر اور چین کے بیانات عالمی برادری کی مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو روکنے کے لئے سفارتی حل کی حمایت کی عکاسی کرتے ہیں۔


