ممبئی (لارڈ میڈیا) بالی وڈ کی سینئر اداکارہ اور سیاسی رہنما ہیما مالنی نے دھرمیندر کی موت سے قبل دیے گئے آخری پیغام کے حوالے سے انکشاف کیا ہے۔ ہیما مالنی نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ دھرمیندر نے اپنے خاندان کو ہمیشہ ساتھ رہنے کی تلقین کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دھرمیندر کا پیغام تھا کہ چاہے کوئی بھی کام ہو، خاندان کو ہمیشہ اہمیت دینی چاہیے۔
ہیما مالنی نے اپنے سوتیلے بیٹوں سنی دیول اور بوبی دیول کے ساتھ اپنے تعلق پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ بوبی اور سنی دونوں بہت اچھے بیٹے ہیں اور ہم سب ہمیشہ ایک ساتھ رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھرمیندر کو اپنی ذاتی زندگی اور خاندانی معاملات کو عوامی سطح پر لانا پسند نہیں تھا۔
یاد رہے کہ دھرمیندر گزشتہ برس 24 نومبر کو 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ دھرمیندر اور ہیما مالنی کی پہلی ملاقات 1960 کی دہائی کے آخر میں فلموں میں کام کے دوران ہوئی تھی۔ بعد ازاں، انہوں نے شعلے، سیتا اور گیتا، ڈریم گرل اور دی برننگ ٹرین جیسی کامیاب فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔ ان کی فلمی کیمسٹری حقیقی زندگی کی محبت میں بدل گئی اور دونوں نے 1980 میں شادی کرلی۔


