کراچی (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے نجکاری کمیشن کو مزید 28 ریاستی ادارے مختص کیے ہیں اور نجکاری کے حوالے سے متحرک ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے تحت پاکستان بینکنگ سمٹ 2026 کی افتتاحی تقریب میں کہی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کا اختتام مضبوط معاشی استحکام کے ساتھ ہوا، جس میں بڑی صنعت کی نمو کے سبب جی ڈی پی 3.7 فیصد رہی اور ترسیلات زر کے باعث کرنٹ اکاؤنٹ مستحکم رہا۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 26ء میں ترسیلات زر 41 سے 42 ارب ڈالر رہنے کا تخمینہ ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر مالی سال 26ء میں 18.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئے جبکہ عالمی کیپیٹل مارکیٹس تک رسائی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کو سرمائے تک رسائی کے مواقع بڑھانے کی ضرورت ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں چھوٹے کاروباروں پر سپر ٹیکس کا خاتمہ کیا گیا ہے اور کنسٹرکشن سیکٹر کو بجٹ میں ریلیف دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کی وسعت کے لیے ریٹیل سیکٹر کو شامل کیا جا رہا ہے۔
ظفر مسعود، چیئرمین پی بی اے نے کہا کہ بینکنگ سیکٹر نے گزشتہ سال میں اہم ترقی کی ہے اور بینکوں نے 2400 ارب روپے کے قرضے جاری کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بینکنگ سیکٹر کی افرادی قوت کی تربیت کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔


