واشنگٹن (لارڈ میڈیا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا اور تہران کے ساتھ معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے امریکی افواج، معیشت اور نئے مالیاتی پروگرام ٹرمپ اکاؤنٹس کو بھی اپنی حکومت کی کامیابی قرار دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اوول آفس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی افواج نے ایران کو عسکری لحاظ سے شکست دی ہے اور دنیا کو امریکہ کی فوجی طاقت کا اندازہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی مسلح افواج دنیا کی طاقت ور ترین افواج میں شامل ہیں اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری سفارتی رابطوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاملات بہتر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کو کسی بھی صورت میں جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
امریکی صدر نے ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پیش گوئی کی تھی کہ چار برس کے اندر امریکی اسٹاک مارکیٹ نئی بلندیوں کو چھوئے گی اور اب اس کے آثار نمایاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ مزید تیزی سے اوپر جائے گی۔
تقریب کے دوران ٹرمپ نے ٹرمپ اکاؤنٹس پروگرام کا آغاز بھی کیا جس کا مقصد نومولود بچوں کو ابتدائی مالی بنیاد فراہم کرنا ہے۔ وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بتایا کہ اس پروگرام میں اب تک 60 لاکھ بچوں کا اندراج ہو چکا ہے، جن میں 86 فی صد ایسے خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں جن کی سالانہ آمدنی دو لاکھ ڈالر سے کم ہے۔
صدر ٹرمپ نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ ان اکاؤنٹس میں موجود سرمایہ جلد نہ نکالیں تاکہ بچوں کو 18 سال کی عمر تک مالی فائدہ حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اکاؤنٹس بچوں کو کم عمری میں ہی مضبوط مالی بنیاد فراہم کریں گے۔
اس موقع پر ٹرمپ نے نیویارک اسٹاک ایکسچینج اور نیسڈیک کی افتتاحی گھنٹی بجا کر ایک منفرد روایت قائم کی۔ تقریب کے دوران انہوں نے مزاحیہ انداز میں سینیٹر ٹیڈ کروز کے حوالے سے تبصرہ کیا جس پر شرکاء قہقہوں سے گونج اٹھے۔


