ترکو (شِنہوا) فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر سٹب اور فن لینڈ کے دورے پر آئے ہوئے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے دوطرفہ تعاون اور باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور عالمی چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
جنوب مغربی فن لینڈ کے شہر ترکو میں وانگ یی سے ملاقات کے دوران صدر سٹب نے ان سے چینی صدر شی جن پھنگ کے لئے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچانے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل ان کا دورہ چین اور صدر شی جن پھنگ سے کامیاب ملاقات ان کے لئے نہایت خوشگوار اور یادگار تجربہ تھا۔
سٹب نے کہا کہ 1950 میں فن لینڈ اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد چین نے سیاست، معیشت، سماجی استحکام اور سائنسی و تکنیکی جدت سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ترقی کا ایک منفرد معجزہ رقم کیا ہے۔
سٹب نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال ایک نازک موڑ پر کھڑی ہے اور چین نے دنیا کو قیمتی استحکام فراہم کیا ہے۔ ان کے بقول شی جن پھنگ کی جانب سے پیش کئے گئے 4 عالمی اقدامات بین الاقوامی صورتحال کا جامع اور بصیرت افروز تجزیہ پیش کرتے ہیں اور عالمی برادری کے لئے واضح اور منظم لائحہ عمل فراہم کرتے ہیں جو رہنمائی کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔
اس موقع پر وانگ نے شی جن پھنگ کی جانب سے صدر سٹب کے لئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ شی جن پھنگ نے 2017 میں فن لینڈ کی آزادی کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر اس ملک کا سرکاری دورہ کیا تھا اور فن لینڈ کے عوام کو چینی عوام کی جانب سے دلی مبارک باد پیش کی تھی۔
وانگ یی نے کہا کہ گزشتہ ایک صدی سے زائد عرصے میں فن لینڈ کے عوام نے اپنے عزم و استقلال کے جذبے’’سیسو‘‘ کی بدولت قومی ترقی اور خوشحالی حاصل کی ہے۔
وانگ یی نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے سربراہان کی تزویراتی رہنمائی میں فن لینڈ کے ساتھ مستقبل پر مبنی نئے طرز کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے، روابط اور تعاون بڑھانے، مشترکہ مواقع سے فائدہ اٹھانے اور چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔
دورے میں وانگ یی نے فن لینڈ کی وزیر خارجہ ایلینا والٹونن سے بھی مذاکرات کئے۔


