ٹوکیو (شِنہوا) جاپان نے پیر کے روز تباہ شدہ فوکوشیما دائیچی جوہری بجلی گھر سے جوہری آلودہ پانی کو سمندر میں خارج کرنے کا ایک اور مرحلہ شروع کر دیا۔ یہ اگست 2023 میں متنازع عمل کے آغاز کے بعد سے 21 واں اخراج ہے۔
مقامی وقت کے مطابق اخراج کا آغاز صبح 11 بج کر 41 منٹ پر ہوا۔ بجلی گھر کی آپریٹر کمپنی ٹوکیو الیکٹرک
پاور کمپنی ہولڈنگز (ٹیپکو) کے مطابق یہ مرحلہ 24 جولائی تک جاری رہے گا، جس کے دوران تقریباً 7 ہزار 800 ٹن آلودہ پانی سمندر میں چھوڑا جائے گا، جس میں تقریباً 1.3 کھرب بیکوریل تابکار ٹریٹیم شامل ہوگا۔
11 مارچ 2011 کو آنے والے 9 درجے شدت کے زلزلے اور اس کے نتیجے میں آنے والی سونامی کے باعث
فوکوشیما جوہری بجلی گھر میں ری ایکٹر کے کور پگھل گئے تھے، جس سے تابکاری خارج ہوئی اور یہ حادثہ بین الاقوامی جوہری و تابکاری حادثاتی درجہ بندی کے مطابق درجہ 7 کا حادثہ قرار پایا، جو اس پیمانے پر سب سے بلند درجہ ہے۔
بین الاقوامی برادری کے تحفظات اور مخالفت کے باوجود جاپان نے اگست 2023 میں فوکوشیما دائیچی جوہری بجلی گھر سے جوہری آلودہ پانی کو یکطرفہ طور پر سمندر میں خارج کرنا شروع کیا تھا۔ اب تک ٹیپکو اس عمل کے 20 مراحل مکمل کر چکی ہے، جس کے دوران تقریباً ایک لاکھ 57 ہزار ٹن آلودہ پانی سمندر میں چھوڑا جا چکا ہے۔


