لاہور (لارڈ میڈیا) قومی کرکٹرز کے اگست میں بیرون ملک لیگ کھیلنے کے امکانات کم ہوگئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اگست میں 4 ٹیموں کا ون ڈے ٹورنامنٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب پر کام جاری ہے۔
کیریبیئن پریمئیر لیگ 7 اگست سے 20 ستمبر تک شیڈول ہے اور متعدد قومی کرکٹرز کو سی پی ایل میں شرکت کے لیے پی سی بی سے این او سی کی ضرورت ہے۔ کھلاڑیوں کو بتایا گیا ہے کہ اگست میں ون ڈے ٹورنامنٹ ہو رہا ہے لہٰذا وائٹ بال کرکٹرز کے لیے ون ڈے ٹورنامنٹ میں شرکت لازمی ہے۔
پی سی بی نے معاذ صداقت کو پہلے ہی این او سی جاری کردیا تھا لیکن ٹورنامنٹ کے فیصلے کی وجہ سے اب معاذ صداقت کی بھی شرکت کا امکان نہیں۔ سی پی ایل کے لیے صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سفیان مقیم، سعد مسعود، عثمان خان اور سلمان ارشاد کو این او سی نہ ملنے کا امکان ہے۔
پی سی بی نے آئندہ سیزن میں ورلڈکپ سے قبل زیادہ ون ڈے میچز ہونے کی وجہ سے ٹورنامنٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی میگا ایونٹ سے قبل ون ڈے اسکواڈ کے لیے اچھے کھلاڑیوں کو تلاش کرنا چاہتا ہے۔


