پشاور (لارڈ میڈیا) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ضم اضلاع میں عوامی خدمات کی بہتری کے لئے تین ماہ کی مہلت دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس مدت کے دوران عوام کو خدمات کی فراہمی میں واضح تبدیلی نظر آنی چاہئے۔
محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت اجلاس میں ضم اضلاع میں امن و امان، گورننس اور ترقیاتی پروگراموں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تعلیم، صحت اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے شمالی وزیرستان میں ایک ہفتے کے اندر ترقیاتی سرگرمیاں بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں پر کام کی بحالی کے لئے درکار افسران اور اہلکار فوری طور پر فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے ضم اضلاع میں آؤٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی دھارے میں لانے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ضم اضلاع دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کر رہے ہیں، اسی لئے انہیں جدید اسلحہ اور آلات کی فراہمی میں پہلی ترجیح دی جا رہی ہے۔
اجلاس میں صحت کے شعبے کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ضم اضلاع کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی کا ازسرنو جائزہ لیا جائے اور مزید ڈاکٹرز بھرتی کیے جائیں تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔


