چیسنیاؤ (لارڈ میڈیا): مولڈووا کے وزیر اعظم الیگزینڈرو مونٹیانو نے اچانک اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے اصولوں اور ذاتی اقدار کے مطابق اپنی ذمہ داریاں مزید انجام نہیں دے سکتے۔ نومبر 2025 سے وزارتِ عظمیٰ کے منصب پر فائز مونٹیانو نے استعفے کی کوئی تفصیلی وجہ نہیں بتائی۔
مبینہ طور پر سرکاری فضائی نیویگیشن کمپنی مولڈاٹسا میں بے ضابطگیوں اور اعلیٰ تنخواہوں پر حکومت کو شدید عوامی اور سیاسی تنقید کا سامنا تھا، جسے استعفیٰ کا ایک اہم سبب قرار دیا جا رہا ہے۔
مولڈووا کے صدر مایا ساندو نے مونٹیانو کی خدمات کو سراہا اور اعلان کیا کہ وہ نئے وزیر اعظم کی تقرری تک عبوری طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔ صدر نے کہا کہ آئندہ ہفتے پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کا عمل شروع کیا جائے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ استعفیٰ صدر مایا ساندو اور ان کی یورپ نواز حکمران جماعت پی اے ایس کے لیے ایک اہم سیاسی چیلنج ہے، کیونکہ مولڈووا یورپی یونین میں شمولیت کی کوششوں کے نازک مرحلے سے گزر رہا ہے۔


