نئی دہلی (لارڈ میڈیا): بھارتی نیوز چینلز پر مبینہ سائبر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، تازہ حملے میں ریپبلک ٹی وی کی لائیو نشریات متاثر ہوئیں۔ نامعلوم ہیکرز کی دراندازی کے باعث ارنب گوسوامی کا لائیو پروگرام متاثر ہوا، جس کے دوران اسکرین پر غیر متعلقہ بینرز اور ویڈیوز نمودار ہوئیں۔
یہ واقعہ 2 جولائی کو پیش آیا جب ریپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر ارنب گوسوامی کا لائیو پروگرام نشر ہو رہا تھا۔ سائبر سیکیورٹی ماہرین کے مطابق حملہ آور براڈکاسٹ مینجمنٹ سسٹم تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ تاہم چینل یا حکام کی جانب سے تفصیلی وضاحت سامنے نہیں آئی۔
اس سے قبل بھی سن ٹی وی نیٹ ورک، ٹی وی 9 تیلگو اور دیگر بھارتی میڈیا ادارے مبینہ سائبر حملوں کا شکار ہوچکے ہیں۔ سائبر سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بھارت کے براڈکاسٹ اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے لیے سیکیورٹی چیلنج کی نشاندہی کرتا ہے۔
ڈیجیٹل سیکیورٹی، سیٹلائٹ براڈکاسٹنگ اور میڈیا انفراسٹرکچر کے تحفظ سے متعلق نئے سوالات اٹھ رہے ہیں، اور ماہرین نے جدید سائبر سیکیورٹی اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔ تاحال ان مبینہ حملوں کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔


