واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت کشیدگی پر اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ حالیہ عسکری تنازع کے دوران 11 جنگی طیارے تباہ ہوئے اور سفارتی کوششوں نے صورتحال کو ایٹمی تصادم میں تبدیل ہونے سے روک دیا۔ ٹرمپ نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی انتہائی خطرناک مرحلے تک پہنچ چکی تھی، تاہم جنگ بندی کے لیے کی گئی کوششوں کے باعث بڑے انسانی المیے سے بچاؤ ممکن ہوا۔
ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے ان سے اتفاق کیا کہ جنگ کے خاتمے سے بے شمار قیمتی جانیں محفوظ رہیں۔ امریکی صدر نے اندرونی سیاست کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل میں ان کی مقبولیت 99 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔
یاد رہے کہ ٹرمپ نے پہلے بھی دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں امریکا نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ دوسری جانب مودی سرکار نے ٹرمپ کے بیانات پر براہِ راست ردعمل دینے سے گریز کیا ہے جبکہ بھارتی اپوزیشن جماعتیں، خصوصاً کانگریس، ان بیانات کو مودی حکومت پر تنقید کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔


