واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران امریکا کی تقریباً تمام ضروری شرائط ماننے پر تیار ہے، جس سے مذاکرات میں اہم پیش رفت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات مثبت انداز میں جاری ہیں۔
صدر ٹرمپ نے سی این بی سی کو انٹرویو میں کہا کہ ایران کی شرائط قبولیت سے مذاکرات میں نمایاں پیش رفت ہو رہی ہے، لیکن انہوں نے شرائط یا ممکنہ معاہدے کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
انہوں نے پاک بھارت کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی مداخلت سے دونوں ممالک کے درمیان جنگ رکی، جس سے تین کروڑ افراد کی جانیں بچ گئیں۔ پاکستانی وزیراعظم نے بھی اس بات کی تصدیق کی۔
امریکی صدر نے اسرائیل میں اپنی مقبولیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں ان کی مقبولیت 99 فیصد تک تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں سمجھ نہیں آتا کہ کوئی یہودی ووٹر ڈیموکریٹک پارٹی کو ووٹ کیسے دے سکتا ہے۔
یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطے زیر بحث ہیں اور پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے ٹرمپ کے سابقہ دعوے بھی مختلف مواقع پر زیر بحث آتے رہے ہیں۔


