بیجنگ(شِنہوا)چین کی ڈاک صنعت نے 2025 کی پہلی ششماہی کے دوران 104.51 ارب پارسلز کی ترسیل کی ہے جو گزشتہ سال کی نسبت 16.9 فیصد اضافہ ہے۔
ریاستی ڈاک بیورونے بتایا کہ ایکسپریس ڈیلیوری سروسز نے 95.64 ارب پارسلز کی ترسیل کی جو ایک سال قبل سے 19.3 فیصد اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔
ادارے کے مطابق چین کی ڈاک صنعت نے پہلے 6 ماہ میں 873.09 ارب یوآن (تقریباً 122 ارب امریکی ڈالر) کا ریونیو حاصل کیا جو گزشتہ سال کی نسبت 8.3 فیصد زائد ہے۔ اس میں سے ایکسپریس ڈیلیوری سروسز نے 718.78 ارب یوآن کا حصہ ڈالا جو 10.1 فیصد زائد ہے۔
ادارے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ شہر کے اندر ایکسپریس ڈیلیوری سروسز نے 7.88 ارب پارسلز کی ترسیل کی جو گزشتہ سال کی نسبت 6.2 فیصد زائد ہے۔ شہروں کے درمیان سروسز نے 85.74 ارب پارسلز کی ترسیل کی جو 20.6 فیصد اضافہ ہے۔
علاقائی تقسیم کے لحاظ سے چین کےمشرقی، وسطی اور مغربی علاقوں کا ایکسپریس ڈیلیوری حجم میں حصہ بالترتیب 71.6 فیصد، 19.3 فیصد اور 9.1 فیصد رہا جبکہ ریونیو کے حساب سے یہ تناسب بالترتیب 74 فیصد، 15.5 فیصد اور 10.5 فیصد رہا۔
اہلکار نے مزید کہا کہ وسطی اور مغربی خطوں نے گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں اپنی مارکیٹ شیئر میں اضافہ کیا ہے جس میں وسطی خطے کے ڈیلیوری حجم اور ریونیو کے تناسب میں بالترتیب 0.8 اور 0.5 فیصد پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہےجبکہ مغربی خطوں میں 0.6 اور 0.3 فیصد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔
قومی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار سے ظاہر ہو ا ہے کہ چین کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) نے 2025 کی پہلی ششماہی میں گزشتہ سال کی نسبت 5.3 فیصد ترقی کی ہے۔
ادارے کے نائب سربراہ شینگ لائی یون نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دباؤ کے باوجود معیشت نے مستحکم پیش رفت کی ہے اور اہم اقتصادی اشاریے توقع سے بہتر کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
