ہومتازہ ترینچینی صدر کی کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 105 سالہ "عظیم داستان"...

چینی صدر کی کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 105 سالہ "عظیم داستان” کی ستائش، جدید سوشلسٹ چین بنانے پر زور

بیجنگ (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ نے بدھ کے روز کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی 105 سالہ تاریخ کو چینی قوم کی "سب سے عظیم تاریخی داستان” قرار دیتے ہوئے پارٹی پر زور دیا کہ وہ مقررہ وقت کے مطابق چین کو ایک جدید سوشلسٹ ملک بنانے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے۔

سی پی سی کے قیام کی 105 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شی جن پھنگ، جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین بھی ہیں، نے پارٹی ارکان پر زور دیا کہ وہ وہ اپنے نظریاتی عقائد پر مضبوطی سے قائم رہیں اور نئے دور اور نئے سفر میں پارٹی کے مشن کو پورا کرنے کے لئے انتھک محنت کریں۔

1921 میں ایک ایسے کمزور چین جو غیر ملکی تضحیک اور غربت کا شکار تھا، کے پس منظر میں قائم ہونے والی سی پی سی محض 50 سے زائد ارکان کے ایک چھوٹے سے گروپ سے بڑھ کر اب دنیا کی سب سے بڑی حکمران جماعت بن چکی ہے جس کا عالمی سطح پر زبردست اثر و رسوخ ہے۔

شی نے اس بات پر زور دیا کہ صدی کے وسط تک سوشلسٹ جدیدیت کو مکمل طور پر حقیقت کا روپ دینے کے ہدف کا حصول انتہائی اہم ہے۔

شی نے کہا کہ پوری پارٹی کو اپنے بنیادی نظریے، بنیادی لائحہ عمل اور بنیادی پالیسی پر قائم رہنا چاہیے تاکہ "گزرتے بادلوں سے مرعوب ہوئے بغیر اور تیز ہواؤں و طوفانی لہروں کے باوجود اپنی سمت برقرار رکھی جا سکے۔”

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ پارٹی کو نئی تاریخی کامیابیاں حاصل کرنے کے لئے عوام پر بھرپور اعتماد کرنا ہوگا، شی جن پھنگ نے پارٹی اراکین پر زور دیا کہ وہ "ذمہ داری کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے جذبے کو مزید تقویت دیں۔”

انہوں نے پوری پارٹی پر بھی زور دیا کہ وہ مستقبل میں درپیش خطرات اور چیلنجز کا فعال انداز میں مقابلہ کرے۔

انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ "چین کی ترقی اس وقت ایسے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جہاں تزویراتی مواقع اور خطرات و چیلنجز ایک ساتھ موجود ہیں، جبکہ غیر یقینی اور ناقابل پیش گوئی عوامل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہمیں ہمیشہ تیز ہواؤں، بلند و بے رحم لہروں، حتیٰ کہ شدید طوفانوں جیسے بڑے امتحانات کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہنا چاہیے۔”

شی نے کہا کہ گزشتہ ایک صدی میں نہ دیکھی جانے والی گہری عالمی تبدیلیوں کی رفتار تیز ہو رہی ہے، دنیا ہنگامہ خیزی اور تبدیلی کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکی ہے اور انسانیت ایک بار پھر اہم انتخاب کے دوراہے پر کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ "ہمیں انسانیت کے مشترکہ مستقبل کے حامل عالمی معاشرے کی تعمیر کو مسلسل فروغ دینا ہوگا۔”

شی نے پارٹی پر مکمل اور سخت نظم و ضبط کے نفاذ کو آگے بڑھانے پر بھی زور دیا اور کہا کہ بدعنوانی کے خلاف سخت، طویل اور ہمہ گیر جنگ کو مستقل مزاجی کے ساتھ جاری رکھا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ "یہ ناگزیر ہے کہ پارٹی کا ہر رکن اپنے ابتدائی نصب العین اور قیام کے مشن کو کبھی فراموش نہ کرے، ہمیشہ انکساری، احتیاط اور محنت کو اپنا شعار بنائے اور جدوجہد جاری رکھنے کا حوصلہ اور صلاحیت برقرار رکھے۔”

تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے ارکان کی تعداد تقریباً 10 کروڑ 12 لاکھ 90 ہزار ہو چکی ہے، جبکہ ملک بھر میں اس کی بنیادی سطح کی تنظیموں کی تعداد 54 لاکھ 30 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

تقریب کے دوران شی جن پھنگ نے مثالی پارٹی اراکین کو "یکم جولائی میڈل” سے نوازا، جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کا اعلیٰ ترین اعزاز ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں