لاہور: پاکستان کی 28 نومبر سے بھارت میں شیڈول جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں عدم شرکت کا امکان ہے، ایشیا ہاکی کپ میں قومی ٹیم کو شرکت کیلئے این او سی نہ دینے کے حوالے سے پی ایچ ایف حکام کوآگاہ کر دیا گیا ۔ اطلاعات ہیں کہ ہاکی کے ساتھ دوسری کسی ٹیم کو بھی بھارت کی سرزمین پر ہونے والے ایونٹ کے لیے این او سی جاری نہیں ہوگا۔
واضح رہے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے جونیئر ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کو مختلف پولز میں تقیسم کررکھا ہے جس میں پاکستان اور بھارت ایک ہی پول میں ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے سیکیورٹی خدشات کو دیکھتے ہوئے ایشیا کپ کے لیے ہاکی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔