اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری سے فوری احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے تشدد کے متاثرین کی حمایت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انسانی وقار کے تحفظ اور تشدد کی ہر شکل کے خاتمے کی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ تشدد انسانی حقوق، عالمی قوانین اور اسلامی تعلیمات کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تشدد کے مرتکب عناصر کے احتساب کو یقینی بنایا جائے اور ریاستی تحفظ، قانون پر عملدرآمد اور ادارہ جاتی اصلاحات کو مستحکم کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں غیر ملکی قابضین تشدد کو بطور ہتھیار استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لیں اور انسانی حقوق پامال کرنے والوں کا احتساب یقینی بنائیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں تشدد کے متاثرین سے مکمل اظہارِ یکجہتی کرتا ہے اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی۔


