باجوڑ (لارڈ میڈیا): باجوڑ کی تحصیل اتمان خیل کے علاقے بانڈگئی میں ہیضے کی وبا پھوٹ پڑی ہے، جہاں ایک ہی گھر کے 10 افراد شدید متاثر ہوئے جبکہ 2 بچیاں جاں بحق ہو گئیں۔ جاں بحق بچیوں کی شناخت 9 سالہ علیشہ بی بی اور 4 سالہ پاکیزہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان کا تعلق لوئر دیر سے ہے اور دیگر متاثرین کو طبی امداد کے لیے تیمرگرہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت نے بانڈگئی میں مشتبہ ہیضہ اور شدید اسہال کے کیسز رپورٹ ہونے پر فوری کارروائی شروع کر دی ہے۔ ڈی سی باجوڑ اور ڈی ایچ او کی ہدایت پر محکمہ صحت کی آؤٹ بریک رسپانس ٹیم نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
ٹیم نے دورے کے دوران پانی کے نمونے حاصل کرلیے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کو ضروری ادویات، او آر ایس اور دیگر طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ محکمہ صحت باجوڑ کے حکام نے بتایا ہے کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی اور عوام کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وبا پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔


