کراچی (لارڈ میڈیا): سرجانی ٹاؤن پولیس نے 10 سالہ بچے کو تشدد کر کے قتل کرنے کے الزام میں اس کے والد اور چچا کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق، حیدر نامی بچہ والدہ کے گھر سے والد کے پاس آیا تھا جہاں اس پر تشدد کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا کہ بچے کو والد اور والدہ کے گھریلو تنازعے کی وجہ سے ماں کے گھر جانے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لے لیا، جن میں بچے کا والد اظہر اور چچا سلطان شامل ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ واقعے میں استعمال ہونے والے آلے کی برآمدگی کی کوشش جاری ہے جبکہ قانونی کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔ ایس ایس پی ویسٹ نے کہا کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور مزید تحقیقات کے بعد حقائق منظر عام پر لائے جائیں گے۔


