چینی وزیراعظم لی چھیانگ 7 ویں چین بین الاقوامی درآمدی نمائش میں شرکت کے لئے آئے ہوئے سربیا کے اپنے ہم منصب میلوس ووسیوچ سے ملاقات کررہے ہیں۔(شِنہوا)
شنگھائی(شِنہوا)چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے شنگھائی میں سربیا کے وزیراعظم میلوس ووسیوچ سے ملاقات کی ہے، جو 7 ویں چین بین الاقوامی درآمدی نمائش (سی آئی آئی ای) میں شرکت کے لئے چین میں ہیں۔
وزیراعظم لی چھیانگ نے کہا کہ چین سربیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو ہمیشہ سے بہت اہمیت دیتا ہے اور سربیا کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے تاکہ دونوں سربراہان مملکت کے مابین طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد کیا جاسکے۔
لی چھیانگ نے کہا کہ چین ترقیاتی حکمت عملی کو مضبوط بنانے، آزاد تجارتی معاہدے پر مشترکہ عملدرآمد کرنے، تعاون کے اہم منصوبوں کی تعمیر اور انہیں چلانے، ماحول دوست، ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے اور باہمی مفاد کے حصول کے لئے سربیا کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
اس موقع پر سربیا کے وزیراعظم میلوس ووسیوچ نے کہا کہ سربیا ایک چین کے اصول پر سختی سے کاربند ہے۔ سربیا کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت سے متعلق امور پر چین کی بھرپور حمایت کو سراہتے ہیں اور چین کے ساتھ قریبی تبادلوں کے منتظر ہیں۔ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے فریم ورک کے تحت دوطرفہ آزاد تجارتی معاہدے پر مکمل عملدرآمد کریں گے۔ معیشت اور تجارت جیسے شعبوں میں عملی تعاون کو مضبوط بنائیں گے۔ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، طب، صحت کی دیکھ بھال، ٹرانسپورٹیشن اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے جبکہ عوامی روابط کو مضبوط بنائیں گے۔