مالٹا میں چینی ثقافتی مرکز میں لوگ چینی زبان کی کلاس لے رہے ہیں- (شِنہوا)
والیٹا(شِنہوا)یونیورسٹی آف مالٹا کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کو چین اور مالٹا کے درمیان دوستی کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر سراہا گیا ہے جس کی 15 ویں سالگرہ منائی گئی۔
سالگرہ کی خصوصی تقریب میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ کے علاوہ پرائمری اور سیکنڈری سکول کے طلبہ نے فن کا مظاہرہ کیا۔
مالٹا میں چینی سفارتخانے کے ناظم الامور پینگ یی جن نے گزشتہ 15 سال کے دوران ادارے کے کردار کی تعریف کی۔
پینگ نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ نے مالٹا کے نوجوانوں کے لئے حقیقی چین کی تلاش کا دروازہ کھولا۔ انہوں نے یونیورسٹی آف مالٹا اور چین کے جنوب مشرقی صوبہ فوجیان کی شیامن یونیورسٹی کے درمیان مضبوط شراکت داری پر زور دیا۔
شیامن یونیورسٹی کے نائب صدر شی ڈالن نے امید ظاہر کی کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ شیامن یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف مالٹا کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی شراکت داری کی ایک مثال کے طور پر کام کرتا رہے گا۔
یونیورسٹی آف مالٹا کے پرو ریکٹر فرینک بیزینا نے زبان کی تدریس اور ثقافتی تبادلوں میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ رابطے اور باہمی اتفاق کو فروغ دے کر ایک منفرد کردار ادا کر رہا ہے۔
چین کی وزارت تعلیم کے سنٹر فار لینگویج ایجوکیشن اینڈ کوآپریشن کے ڈائریکٹر یو ین فینگ نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ نے ثقافتی تبادلوں، ہم آہنگی اور دوستی کے فروغ میں منفرد اور اہم کردار ادا کیا ہے۔