لہاسا (شِنہوا) چین کے جنوب مغربی شی زانگ خودمختار علاقے میں خودمختار علاقائی سطح کے آثار قدیمہ کے پہلے 5 مقامات پر مشتمل پارکس کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔ یہ افتتاح ثقافت اور قدرتی ورثہ کے دن کی ایک تقریب کے موقع پر کیا گیا جو علاقے میں آثار قدیمہ کے مقامات کے تحفظ اور احیا کے حوالے سے ایک نئے مرحلے کی نشاندہی کرتا ہے۔
ان 5 مقامات میں شی زانگ کے وسطی علاقے میں دریافت ہونے والا پہلا عہد نو حجری کا مقام بھی شامل ہے۔ ایک اور مقام سطح مرتفع پر جھیل کے کنارے آباد قدیم برادریوں کی شکار پر مبنی تہذیب کی جھلک پیش کرتا ہے۔
علاقائی ثقافتی ورثہ بیورو کے عہدیدار سن دان نے کہا کہ شی زانگ آثار قدیمہ کے مقامات کے تحفظ، تعلیمی مطالعاتی دوروں، آثار قدیمہ کی تحقیق اور عوامی سہولتوں کی تعمیر کو مزید بہتر بناتا رہے گا تاکہ آثار قدیمہ کی تحقیق کے فوائد عوام تک پہنچ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ چین کی مرکزی حکومت طویل عرصے سے شی زانگ میں ثقافتی وسائل کے تحفظ کو بہت اہمیت دیتی رہی ہے۔ مثال کے طور پر علاقے کی ثقافتی ورثہ کی انتظامیہ کے مطابق چین نے قدیم تحریری نسخوں کے تحفظ اور استعمال کے ایک منصوبے پر 11 کروڑ یوآن (تقریباً ایک کروڑ 61 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر) سے زائد سرمایہ کاری کی ہے، جس میں پوٹالا محل کے کھجور کے پتوں پر لکھی گئی تحریریں بھی شامل ہیں۔
رواں سال جنوری میں مقامی ثقافت اور سیاحت کے حکام نے اعلان کیا تھا کہ ثقافتی نوادرات کی چوتھی قومی مردم شماری کے دوران شی زانگ میں ثقافتی ورثے کے 3 ہزار 346 نئے مقامات کی نشاندہی کی گئی، جس کے باعث یہ علاقہ نئی دریافتوں کے حوالے سے ملک کے سرفہرست علاقوں میں شامل ہو گیا ہے۔


