بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیر خارجہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے جمعہ کے روز بیجنگ میں میانمار کے اپنے ہم منصب تن ماؤنگ سوے کے ساتھ مذاکرات کئے۔
وانگ یی نے کہا کہ چین میانمار کی نئی حکومت کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تبادلے مستحکم بنانے، باہمی سیاسی اعتماد بڑھانے اور تزویراتی تعاون کو وسعت دینے کے لئے تیار ہے جس کا مقصد ایک مشترکہ مستقبل کی حامل چین-میانمار برادری کی تعمیر سے مزید عملی نتائج کا حصول اور ترقی کی رفتار تیز کرنے میں میانمار کی مدد کرنا ہے۔
وانگ نے مزید کہا کہ چین اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر سختی سے کاربند اور میانمار کے عوام کے فیصلے کا احترام کرتا ہے جبکہ میانمار کے اپنے ملکی حقائق کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن رہنے، اندرونی امن اور مفاہمت کو فعال طور پر فروغ دینے، اپنی قومی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے تحفظ کی حمایت کرتا ہے۔
وانگ نے کہا کہ چین میانمار کے ساتھ مل کر سرحد پار جرائم بالخصوص آن لائن جوا اور ٹیلی کام فراڈ کے خلاف مشترکہ طور پر لڑنے اور چین و میانمار کے سرحدی علاقوں میں امن و سکون برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔
تن ماؤنگ سوے نے کہا کہ میانمار ایک-چین کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہے اور چین کے 4 بڑے عالمی اقدامات کی پوری حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میانمار کی نئی حکومت چین کے ساتھ اعلیٰ سطح پر رابطے بڑھانے، چین-میانمار اقتصادی راہداری کی تعمیر آگے بڑھانے اور اپنے ملک میں مزید چینی کمپنیوں کو کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے خوش آمدید کہنے کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میانمار اقوام متحدہ، آسیان اور لان کانگ-می کونگ کوآپریشن جیسے کثیر الجہتی پلیٹ فارمز پر چین کے ساتھ رابطے اور تعاون مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔


