لاہور (لارڈ میڈیا): بیوی نے اختلافات کے باعث جہیز میں ملنے والی گاڑی فروخت کرنے پر شوہر کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں فراڈ کا مقدمہ درج کرا دیا۔ عدالت نے سماعت کے دوران کہا کہ گاڑی بیوی کے نام تھی اور شوہر محض استعمال کر رہا تھا۔
عدالت نے مزید کہا کہ بیوی نے خاندانی تنازع کی بنیاد پر مقدمہ درج کرایا ہے اور سامان جہیز کا دعویٰ بھی فیملی کورٹ میں دائر کر رکھا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے مطابق بیوی نے فیملی کورٹ میں گاڑی کو جہیز کا سامان قرار دیا تھا اور ایف آئی آر میں زیر التواء فیملی مقدمے کا ذکر نہیں کیا۔ گاڑی اب بھی بیوی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔
عدالت نے کہا کہ مقدمہ میاں بیوی کے خراب تعلقات کا نتیجہ ہے۔ ملزم تفتیش میں شامل ہو چکا ہے اور ریکارڈ پر کسی بدنیتی کا ثبوت نہیں ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود باجوہ نے 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض شہری کی عبوری ضمانت کنفرم کر دی۔


