اسلام آباد (لارڈ میڈیا): ملک میں جعلی ادویات کے خاتمے کے لیے وزارت صحت نے ادویات پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کی منظوری حاصل کر لی ہے۔ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ نے یہ منظوری دی اور ڈرگ لیبلنگ اینڈ پیکنگ رولز 1978 میں ترامیم کی اجازت دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا ہے کہ یہ نظام پاکستان میں جعلی ادویات کے خاتمے کا ایک بڑا اور تاریخی قدم ہے۔ اس کے ذریعے پہلی بار ہر دوا کو ڈیجیٹل طریقے سے ٹریک اور ویریفائی کیا جا سکے گا، جس سے جعلی اور نقلی ادویات کی نشاندہی ممکن ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس نظام کے بعد عوام باآسانی دوا کی میعادِ استعمال اور قیمت سے متعلق مستند معلومات تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان اس نظام کو نافذ کرے گی۔
مصطفیٰ کمال کے مطابق نئے قواعد کے تحت دوا ساز کمپنیوں اور درآمد کنندگان کو معیاری ٹو ڈی بارکوڈ اور سیریلائزیشن ڈیٹا درج کرنا لازم ہوگا۔ اس سے ادویات کی سپلائی چین کو محفوظ اور معیاری بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس نظام کے نفاذ سے جعلی ادویات کے خلاف مضبوط دیوار قائم ہوگی اور پاکستان جدید ٹیکنالوجی اپنانے والے نمایاں ممالک میں شامل ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی تکنیکی رہنما اصول بھی جلد جاری کرے گی۔


