بیجنگ (شِنہوا) چین کی ریاستی کونسل نے حال ہی میں شہری تجدید کا ایک منصوبہ جاری کیا ہے جس میں 15ویں 5 سالہ منصوبے (2026 تا 2030) کے دوران ملک میں شہری ترقی اور تجدید کی کوششوں کے لئے اہم اہداف، بڑے منصوبے، بنیادی ذمہ داریوں اور پالیسی اقدامات کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔
منصوبے کے مطابق 2030 تک شہری تجدید کے شعبے میں نمایاں پیش رفت حاصل ہونے کی توقع ہے جبکہ شہری ترقی اور تعمیرات کے ایک نئے ماڈل کی جانب منتقلی کے عملی نتائج بھی سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ اس عرصے میں شہروں کو ایسی جگہوں میں تبدیل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے جو عوام کو اعلیٰ معیار زندگی فراہم کریں۔
منصوبے میں 6 بڑی ذمہ داریوں کا تعین کیا گیا ہے جن میں شہری ترقی کے نئے محرکات پیدا کرنا، معیاری شہری رہائشی ماحول تشکیل دینا، شہروں کو ماحول دوست اور کم کاربن نظام کی طرف منتقل کرنا، زیادہ محفوظ اور مضبوط شہر تعمیر کرنا، شہری ثقافت کو فروغ دینا اور شہری نظم و نسق کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا شامل ہیں۔
منصوبے میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ کم استعمال ہونے والی زمین کا بہتر استعمال کیا جائے، رہائشی عمارتوں کے لئے مکمل لائف سائیکل کا حفاظتی نظام متعارف کرایا جائے، ’’معیاری گھروں‘‘ کی تعمیر یا تزئین و آرائش کی جائے اور شہری بلدیاتی بنیادی ڈھانچے کو جدید بنایا جائے۔


