چین، مشرقی صوبے شان ڈونگ کے شہر جی نان میں 17 ویں چائنہ بین الاقوامی اطفال فلم میلے کی افتتاحی تقریب میں لوگ فن کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین کے ثقافتی اورمتعلقہ کاروباری شعبوں کے بڑے اداروں کی آمدن و منافع رواں سال کی ابتدائی 3 سہ ماہی کے دوران اضافے کی شرح مستحکم رہی۔
قومی ادارہ شماریات کے مطابق سروے میں شامل 78 ہزار کاروباری اداروں کو جنوری سے ستمبر کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 99.7 کھرب یوآن (تقریباً 14 کھرب امریکی ڈالر) کی آمدن ہوئی جو گزشتہ برس کی نسبت 5.9 فیصد زائد ہے۔
کمپنیوں کا منافع 9 ماہ میں گزشتہ برس کی نسبت 3.9 فیصد اضافے سے 790.3 ارب یوآن تک پہنچ گیا۔ منافع میں اضافے کی بڑی وجہ انٹرنیٹ انفارمیشن سروسز اور آن لائن ثقافت اور تفریح پلیٹ فارمز کا فروغ ہے۔
پہننے کے قابل اسمارٹ ثقافتی آلات، آن لائن کھیل اور تفریحی اسمارٹ ڈرونز جیسے نئے طرز کے کاروباری اداروں کو 41.6 کھرب یوآن سے زائد آمدن ہوئی جو گزشتہ برس کی نسبت 10 فیصد اضافہ ہے۔
ثقافتی پیداواری صنعت کی مجموعی آمدن 29.9 کھرب یوآن سے زائد رہی جو گزشتہ برس کی نسبت 3.9 فیصد زیادہ ہے۔ تھوک اور خوردہ ثقافتی صنعت کی آمدن تقریباً 16.7 کھرب یوآن تک پہنچ گئی جو گزشتہ برس کی نسبت 4.4 فیصد اضافہ ہے۔
ثقافتی خدمات صنعت کی آمدن تقریباً 53.1 کھرب یوآن رہی جو گزشتہ برس کی نسبت 7.6 فیصد زائد ہے۔