کوماروم(شِنہوا)چین کی نئی توانائی گاڑیاں (این ای وی) بنانے والی معروف کمپنی بی وائی ڈی نے ہنگری کے شمالی شہر کوماروم میں الیکٹرک بسوں اور ٹرکوں کے پلانٹ کی توسیع کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ یہ یورپ میں کمپنی کی ترقیاتی حکمت عملی کا اہم قدم ہے۔
اس سرمایہ کاری میں 29 ہزار مربع میٹر پر محیط جدید پیداواری مرکز تعمیر کیا جا رہا ہے جس میں 600 سے زائد نئی ملازمتیں تخلیق ہونے کا امکان ہے۔
توسیع مکمل ہونے کے بعد یہ جدید پلانٹ اپنی موجودہ پیداواری صلاحیت کو 3 گنا بڑھا دے گا جس سے سالانہ ایک ہزار سے زائد الیکٹرک بسیں اور ٹرک تیار ہوسکیں گے۔ اس توسیع کا مقصد یورپ بھر میں صفر اخراج کی حامل ٹرانسپورٹ کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہنگری کے وزیر خارجہ و تجارت پیٹر سیجارتو نے اس سرمایہ کاری کی تزویراتی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے بی وائی ڈی کو تیزی سے ترقی کرتی ہوئی کمپنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہنگری ایسی تیز رفتار ٹرین پر سوار ہو چکا ہے جسے یورپ کے بہت سے ممالک ابھی پکڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نئے پلانٹ میں تحقیق و ترقی ٹیسٹ لیب بھی ہوگی جو خطے میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کے شعبے میں ہنگری کے کردار کو مضبوط بنائے گی۔
کوماروم منصوبے کے علاوہ بی وائی ڈی ہنگری کے جنوبی شہر سیگد میں یورپ میں مسافر گاڑیوں کا اپنا پہلا کارخانہ بھی تعمیر کر رہا ہے اور بوداپست میں یورپی ہیڈکوارٹرز اور تحقیق و ترقی کا مرکز قائم کرنے کا ارادہ بھی رکھتا ہے۔
ہنگری میں چین کے سفیر گونگ تاؤ نے اس منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دو طرفہ تعاون گہرا کرنے کی علامت قرار دیا۔
