شی جن پھنگ کی ابھرتی صنعتوں میں چین۔فن لینڈ تعاون بڑھانے کی حوصلہ افزائی

چینی صدر شی جن پھنگ چین کے عظیم عوامی ہال میں سرکاری دورے پر آئے ہوئے فن لینڈ کے اپنے ہم منصب الیگزینڈر سٹب کا خیرمقدم کررہے ہیں۔(شِنہوا)

بیجنگ(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین اپنی جدیدیت کے عمل میں فعال طور پر حصہ لینے اور ابھرتی صنعتوں میں تعاون بڑھانے کے لئے فن لینڈ کا خیرمقدم کرتا ہے۔

بیجنگ میں فن لینڈ کے اپنے ہم منصب الیگزینڈر سٹب سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ فن لینڈ عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والے پہلے مغربی ممالک میں سے ایک ہے۔ فن لینڈ چین کے ساتھ بین الحکومتی تجارتی معاہدے پر دستخط کرنے والا پہلا مغربی ملک بھی ہے۔

چینی صدر نے کہا کہ دنیا ایک صدی میں نظر نہ آنے والی تبدیلیوں سے گزر رہی ہے اور انسانیت کو درپیش خطرات اور چیلنجز میں اضافہ ہو رہا ہے، چین اور فن لینڈ کے درمیان مستقبل پر مبنی شراکت داری غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے جسے فروغ دینا چاہئے۔

شی جن پھنگ نے کہا کہ چین فن لینڈ کے ساتھ عوامی تبادلوں کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے اور اس نے فن لینڈ کے لئے یکطرفہ آزادانہ ویزا پالیسی لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم فن لینڈ کے شہریوں کو کاروبار، سیاحت اور تعلیم کے لئے چین آنے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

شی جن پھنگ نے کہا کہ اگلے سال چین اور یورپی یونین (ای یو) کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ ہے۔ انہوں نے فن لینڈ پر زور دیا کہ وہ چین اور یورپی یونین کے تعلقات کے فروغ میں فعال کردار جاری رکھے۔

اس موقع پر فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر سٹب نے عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد چین کا دورہ کرنے اور 14 سال بعد شی جن پھنگ سے دوبارہ ملاقات پرمسرت کا اظہار کیا۔

فن لینڈ کے صدر نے کہا کہ فن لینڈ ایک چین پالیسی پر کاربند ہے اور اگلے سال چین کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منانے کا خواہاں ہے۔

فن لینڈ کے صدر نے کہا کہ یورپی یونین اور چین کی معیشتیں ایک دوسرے سے قریبی طور پر جڑی ہوئی ہیں اور “ترک تعلق” یا “نئی سرد جنگ” کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں ہے۔ فن لینڈ یورپی یونین اور چین کے تعلقات کے فروغ میں فعال کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔

دونوں رہنماؤں نے یوکرین کے بحران اور فلسطین۔اسرائیل تنازع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

بات چیت کے بعد دونوں سربراہان مملکت نے تعلیم، آبی وسائل، ماحولیاتی تحفظ، معیشت اور زرعی و غذائی مصنوعات جیسے شعبوں میں دوطرفہ تعاون سے متعلق متعدد دستاویزات پر دستخط کئے۔

فریقین نے چین اور فن لینڈ کے درمیان مستقبل پر مبنی شراکت داری 2025-2029 کو فروغ دینے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل جاری کیا۔

Author

  • شِنہوا دنیا کی صف اول کی نیوز ایجنسیوں میں سے ایک ہے۔

    View all posts