آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کی دعوت پر چین کے طبی ماہر پروفیسر پان شیانگ بِن نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 22 سے 23 جنوری 2025 تک پاکستان کا دورہ کیا۔ اسلام آباد میں چین کے سفارتخانے کے تعاون سے کئے جانے والے اس دورے میں انہوں نے پیدائشی طور پر دل کے امراض میں مبتلا آٹھ پاکستانی بچوں کے آپریشن کئے۔
جدید ترین ٹیکنالوجی اور اعلیٰ ترین طبی مہارت کے ساتھ پروفیسر پان اور ان کی ٹیم نے نہ صرف بچوں اور ان کے خاندانوں کو صحت اور امید فراہم کی بلکہ عملی طور پر یہ واضح بھی کیا کہ پاکستان اور چین کی پائیدار دوستی کس طرح پاکستان کے عام لوگوں کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔
پاکستان میں قیام کے دوران ٹیم نے پاکستانی طبی عملے کے تقریباً 200 ارکان کو بین الاقوامی طبی ٹیکنالوجیز کے آپریشنل طریقہ کار اور دیگر متعلقہ موضوعات پر تربیت بھی فراہم کی۔
پروفیسر پان اور ان کی ٹیم کی بے لوث خدمات کے نتیجے میں توقع ہے کہ پاکستان کا طبی عملہ پیدائشی طور پر دل کے امراض میں مبتلا مزید بچوں کا علاج کر سکےگا۔ اس طرح پاک چین شراکت داری کے ثمرات پاکستان کے ہر کونے تک پہنچیں گے۔
پاکستان کے لئے غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں پاکستان کے صدر نے پروفیسر پان شیانگ بِن کو ’’ستارۂ پاکستان‘‘ کا اعزاز عطا کیا ہے۔
ساؤنڈ بائٹ (انگریزی): پروفیسر پان شیانگ بِن، نائب صدر، فُو وائی ہسپتال، چائنہ اکیڈمی آف میڈیکل سائنسز
"مجھے یقین ہے کہ یہ صرف میرے لئے ایک ذاتی اعزاز نہیں بلکہ ہماری ٹیموں کے لئے بھی حوصلہ افزائی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ مستقبل میں ہم مزید آپریشنز کر سکیں گے، مل کر کام کریں گے اور مزید مریضوں کی جانیں بچا سکیں گے۔


