ہومانٹرنیشنلاقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کا مطالبہ

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کا مطالبہ

اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انتونیو گوتریس نے بحری راستوں کی حفاظت اور سلامتی سے متعلق سلامتی کونسل کی کھلی بحث کے دوران کہا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لئے بحری آمدورفت کے حقوق اور آزادی کا احترام کیا جانا چاہیے اور ان اصولوں کو مکمل اور بغیر کسی تاخیر کے برقرار رکھنا ضروری ہے۔

گوتریس نے کہا کہ میں فریقین سے اپیل کرتا ہوں کہ آبنائے کو کھولیں، جہازوں کو گزرنے دیں، کسی ٹول ٹیکس اور امتیاز کے بغیر تجارت کو دوبارہ شروع ہونے دیں اور عالمی معیشت کو پروان چڑھنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ مارچ کے آغاز سے آبنائے ہرمز سے بحری نقل و حمل میں رکاوٹ نے توانائی کی عالمی سلامتی، خوراک کی فراہمی اور تجارت کو شدید متاثر کیا ہے۔

آبنائے ہرمز دنیا کے سب سے اہم سمندری راستوں میں سے ایک ہے۔ اس راستے سے دنیا کی تقریباً پانچویں حصے کی تیل کی تجارت، پانچویں حصے کی مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی ترسیل اور بین الاقوامی سطح پر تقریباً کھادوں کی ایک تہائی حصے کی تجارت کی جاتی ہے۔ سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اس راستے سے محفوظ اور بلا رکاوٹ گزرنا معاشی اور انسانی ضروریات کے لئے نہایت ضروری ہے۔

سربراہ اقوام متحدہ نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے بحری نقل و حمل میں رکاوٹ نے فوری معاشی بحران پیدا کیا ہے اور ہر کوئی اس کی قیمت ادا کر رہا ہے۔ اس سے توانائی اور اجناس کی منڈیوں میں شدید اتار چڑھاؤ آیا ہے، نقل وحمل اور بیمہ کے اخراجات بڑھ گئے ہیں اور کووڈ-19 اور یوکرین بحران کے بعد ترسیل میں سب سے بڑی رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دباؤ ایندھن کی قلت، خالی الماریوں اور خالی پلیٹوں کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔ انسانی بحران بڑھتا جا رہا ہے۔ یہ بحران اہم فصلوں کی بوائی کے ساتھ بھی جڑا ہوا ہے۔ اگر یہ رکاوٹ طویل ہوئی تو اس سے خوراک کا عالمی بحران پیدا ہو سکتا ہے، جس سے خاص طور پر افریقہ اور جنوبی ایشیا میں لاکھوں لوگ بھوک اور غربت کا شکار ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس بوجھ کا سب سے زیادہ اثر کم ترقی یافتہ ممالک اور چھوٹے جزیرہ نما ترقی پذیر ممالک پر پڑتا ہے جو سمندری درآمدات پر زیادہ انحصار کرتے ہیں اور ایسے بحران کو برداشت کرنے کی کم ترین صلاحیت رکھتے ہیں۔

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اس وقت تحمل، مکالمے اور اعتماد سازی کی ضرورت ہے اور انہوں نے اس معاملے میں مدد کے لئے اپنی خدمات پیش کیں۔

انہوں نے کہاکہ سمندر امن اور تعاون کا علاقہ ہونا چاہیے نہ کہ تصادم اور دباؤ کا۔ یہ وقت فیصلہ کرنے اور عمل کرنے کا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں