وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اپنی چھت اپنا گھر اور بے گھر افراد کو مفت پلاٹس دینے کے بعد اب بیروزگار افراد کیلئے پنجاب حکومت کی اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کا یہ فلیگ شپ پروگرام پنجاب میں زرعی انقلاب لائیگا اور اس سے ہزاروں افراد مستفید ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ سکیم کے تحت پنجاب حکومت زمین کیساتھ 50ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک گرانٹ بھی فراہم کریگی، پنجاب میں بے زمین دیہاتیوں کو 160ارب روپے مالیت کی اراضی دی جا رہی ہے جو صرف کاشتکاری کیلئے استعمال ہوگی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز دعوے نہیں بلکہ عملی کام کرتی ہیں، کاشتکاروں کو کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر، سپر سیڈر اور ٹیوب ویل سولرائزیشن جیسی سہولتیں دی گئی ہیں جس کے باعث پنجاب میں گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، مریم نواز کسان دوست اور زراعت دوست وزیراعلیٰ ہیں اور زراعت کا شعبہ انکی اولین ترجیح ہے۔


