ہومتازہ ترینسعودی عرب کا پاکستان کیلئے 3ارب ڈالرز اضافی معاونت کا اعلان، 5ارب...

سعودی عرب کا پاکستان کیلئے 3ارب ڈالرز اضافی معاونت کا اعلان، 5ارب ڈالرز کے ڈیپازٹ میں توسیع کردی

سعودی عرب نے پاکستان کیلئے 3ارب ڈالرز اضافی معاونت اور 5 ارب ڈالرز کے ڈیپازٹ میں توسیع کا اعلان کردیا۔

واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026ء کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بتایا کہ سعودی وزیر خزانہ سے واشنگٹن میں تفصیلی ملاقات ہوئی ہے، اس سے قبل اسلام آباد میں بھی ان سے ملاقات ہوئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب نے پاکستان کیلئے مزید 3ارب ڈالر کے ڈیپازٹس کی منظوری دے دی ہے، جن کی ادائیگی آئندہ ہفتے متوقع ہے جبکہ سعودی عرب کا موجودہ 5 ارب ڈالر کا ڈیپازٹ اب سالانہ بنیاد پر رول اوور کا پابند نہیں رہے گا بلکہ اس کی بھی 3سال کیلئے توسیع ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی حکومت، ولی عہد بن سلمان اور سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدان کا شکر گزار ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے مالی معاونت پاکستان کی بیرونی فنانسنگ ضروریات کیلئے نہایت اہم وقت پر فراہم کی گئی ہے جس سے زرمبادلہ ذخائر کو مضبوط بنانے اور بیرونی کھاتوں کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اپنے اہداف کے مطابق ذخائر کو تقریبا 18ارب ڈالر تک لے جانے کیلئے پرعزم ہے جو تقریبا 3.3 ماہ کی درآمدات کے برابر ہوں گے۔ انہوںنے بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ ہفتے 1.4 ارب ڈالر کا یورو بانڈ کامیابی سے واپس کیاجو نان ایونٹ تھا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تمام بیرونی ادائیگیاں اور واجبات بروقت ادا کرے گی۔

محمد اورنگزیب نے پاکستان کی سیاسی ، معاشی و عسکری قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس وقت اعتماد اور مثبت تاثر انتہائی اہم ہیں، پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی اداروں، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور سرمایہ کاروں کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، پاکستان اپنی بیرونی فنانسنگ حکمت عملی کے تحت گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام اور پانڈا بانڈ کے اجرا پر بھی کام کر رہا ہے تاکہ فنڈنگ کے ذرائع کو متنوع بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام، بیرونی ذمہ داریوں کی تکمیل، اصلاحاتی تسلسل و عالمی شراکت داروں کیساتھ روابط برقرار رکھے گی۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں