وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانا اور عوام پر بوجھ ممکنہ حد تک کم رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اپنی زیر صدارت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی نگران کمیٹی کے وڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان میں پٹرولیم سپلائی مستحکم ہے، اسکی وجہ بروقت منصوبہ بندی اور متعلقہ اداروں کے درمیان موثر رابطہ ہے۔
اجلاس میں علاقائی کشیدگی اور عالمی نرخوں میں اتار چڑھائو کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ ملکی ذخائر، درآمدی انتظامات اور سپلائی چین کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
حکام نے بتایا کہ کارگوز کی بروقت آمد، ریفائنریز کی پیداواری صلاحیت برقرار رکھنے اور بلا تعطل سپلائی چین کیلئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں وزیر پٹرولیم، وزیر قومی غذائی تحفظ، وزیر مملکت خزانہ، گورنر سٹیٹ بینک اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔


