پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار زارا نور عباس اور اسد صدیقی کی حالیہ ٹی وی گفتگو نے سوشل میڈیا پر انکے ازدواجی تعلق کے بارے میں سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔
حال ہی میں دونوں نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں شریک ہوئے اور اپنی شادی اور ذاتی زندگی کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔
دونوں میں زیادہ سرپرائز کون دیتا ہے کے جواب میں زارا نور عباس نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ سرپرائز؟ اچھے والے یا برے والے، اب ہم سرپرائز نہیں دیتے ہم بات کر لیتے ہیں کہ کیا چاہئے اور پھر باہمی طور پر ہو جاتا ہے، اسد صدیقی نے یاد دلایا کہ انہوں نے حال ہی میں زارا کو ایک گاڑی تحفے میں دی تھی جس پر زارا نے کہا ایسا صرف ایک بار ہوا ہے، زارا نے یہ شکایت بھی کی کہ اسد اپنا زیادہ وقت دوستوں کیساتھ پیڈل کھیلنے میں گزارتے ہیں اور اکثر گھر سے باہر رہتے ہیں، اسد دوستوں اور کزنز کیساتھ زیادہ وقت گزارنا پسند کرتے ہیں، اسد صدیقی نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میں کوشش کرتا ہوں اپنی بیٹی اور زارا کیلئے وقت نکال سکوں تاہم زارا نے اس بات سے اتفاق نہیں کیا۔
اس انٹرویو کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں میں بحث شروع ہو گئی، کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ دونوں اداکار ایک ساتھ خوش نظر نہیں آتے جبکہ چند صارفین کے مطابق یہ ایک حقیقی شادی کی عکاسی ہے جہاں رشتے صرف رومانوی خیالات نہیں بلکہ روزمرہ مسائل پر بھی مبنی ہوتے ہیں، کچھ صارفین نے تبصرہ کیا کہ زارا نور عباس خوش دکھائی نہیں دیتیں جبکہ بعض نے میزبان جویریہ سعود کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ انہوں نے پروگرام میں متنازع سوالات اٹھائے۔


