ہومپاکستانہر ہفتے عوام پر پٹرول بم ناقابل قبول، مفت سہولت ختم کی...

ہر ہفتے عوام پر پٹرول بم ناقابل قبول، مفت سہولت ختم کی جائے، حافظ نعیم الرحمن

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ 28دن کے سٹاک کی موجودگی کے باوجود اچانک قیمت میں 55روپے اضافہ کیوں کیا گیا؟، عوام پر ہر ہفتے پیٹرول بم پھینکنا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے، 1300سی سی سے اوپر سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد، مفت پیٹرول سہولت ختم کی جائے، شہباز شریف ٹرمپ جیسے درندے، وار کریمنل کو نوبل انعام کیلئے نامزد کرنے پر قوم سے معافی مانگیں۔

پیر کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایران جنگ کی صورتحال کا فائدہ اٹھاکر حکمرانوں نے پیٹرول مہنگا کردیا، عوام پر ہر ہفتے پیٹرول بم پھینکنا کسی صورت قابل قبول نہیں، ہم اس کیخلاف بھرپور احتجاج اور مزاحمت کریں گے، انارکی اور انتشار نہیں پھیلانا چاہتے، حکومت فوری اقدامات واپس لے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت کہتی ہے 28دن کا سٹاک ہے، پھر پیٹرول کی قیمت میں ایک دم اضافہ کیوں کیا گیا؟۔

انہوں نے کہا کہ1300سی سی سے اوپر سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد، مفت پیٹرول کی سہولت ختم کی جائے۔

حافظ نعیم نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کا کوئی ٹائون ناظم 1300سی سی سے بڑی سرکاری گاڑی استعمال نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کا موٹر سائیکل سواروں کو 2200روپے کا ریلیف دینا احسن اقدام ہے جس کی میں تعریف کرتا ہوں، پنجاب میں بھی مریم نواز کا 11ارب کا جہاز فروخت کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ سندھ میں بدترین کرپشن کا بازار گرم ہے، میئر کراچی نے 400کروڑ روپے کی لاگت سے 2سال میں کریم آباد پر انڈر پاس کے نام پر دو پتلی گلیاں بنائی ہیں، ترقیاتی منصوبوں میں عوام کے پیسے کا ضیاع کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ایران کیخلاف بات کرنیوالا امریکی ایجنٹ ہے، امریکہ بھارت اور اسرائیل کے شیطانی اتحاد نے پوری دنیا کا امن تاراج کیا ہوا ہے، ہماری ایران کے بارے میں پالیسی واضح ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت نے پورے ایران کو متحد کردیا ہے،میں ایرانی قوم کو سلام پیش کرتا ہوں کہ وہ ڈٹے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے واضح کیا کہ وہ خلیجی ممالک میں کسی سویلین پر اٹیک نہیں کرے گا، صرف ان امریکی اڈوں پر حملہ ہوگا جہاں سے انہیں نشانہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو غزہ پیس بورڈ سے باہر آنا چاہئے، شہباز شریف ٹرمپ جیسے درندے اور وار کریمنل کو نوبل انعام کیلئے نامزد کرنے پر قوم سے معافی مانگیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں