بھارت کے رائٹ ہینڈ اوپنر سانجو سیمسن نے نیوزی لینڈ کیخلاف آئی سی سی ٹی20ورلڈ کپ کے فائنل میں نصف سنچری بنا کر پاکستان کے لیجنڈری آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا 17سال پرانا ریکارڈ برابر کر دیا، میچ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا تھا۔
یہ نصف سنچری سیمسن کی مسلسل تیسری نصف سنچری تھی جو انہوں نے سپر ایٹ کے میچ میں ویسٹ انڈیز کیخلاف اور سیمی فائنل میں انگلینڈ کیخلاف بھی بنائی تھی، اسکے نتیجے میں 31سالہ سیمسن صرف تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے ٹی20ورلڈ کپ میں سیمی فائنل اور فائنل میں نصف سنچری بنائی، ان میں پہلے پاکستان کے آفریدی اور بھارت کے ویرات کوہلی شامل ہیں۔
شاہد آفریدی نے یہ منفرد کارنامہ 2009کے ایڈیشن میں حاصل کیا تھا جبکہ ویرات کوہلی نے 2014کے ایڈیشن میں اسکی نقل کی، سیمسن کو بالآخر جیمز نیشم نے 16ویں اوور میں آؤٹ کیا، وہ 46گیندوں پر 89رنز بنا کر ٹاپ سکورر بن کر واپس گئے جن میں 8چھکے اور 5چوکے شامل تھے، سانجو سیمسن کی 89رنز کی اننگز ٹی20ورلڈ کپ فائنل میں اب تک کی سب سے بڑی انفرادی اننگز بن گئی ہے جو 2016میں مارلن سیموئلز کے 85رنز کے ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ گئی ہے۔


