سکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کیخلاف جاری بھرپور کارروائیوں کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر متعدد آپریشنز کئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13دہشتگرد ہلاک کر دئیے گئے ہیں۔
ضلع باجوڑ میں خفیہ اطلاع پر کئے گئے آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔
بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دو مختلف جھڑپوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مزید 3 دہشتگرد مارے گئے ہیں۔
خیبر اور جنوبی وزیرستان میں بھی دو علیحدہ کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے مزید 5خوارج کو ہلاک کر دیا، ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہواہے، دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیاں ایسے وقت میں جاری ہیں جب پاکستان افغانستان کیساتھ سرحدی علاقوں میں درپیش چیلنجز کا مقابلہ کر رہا ہے۔
سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے ہر ممکن اقدام جاری رکھیں گی، علاقہ میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خاتمے کیلئے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے، قومی ایکشن پلان کے تحت عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔


