اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ ملکی معیشت مستحکم ہورہی ، سب نے مل کر ملک کو آگے لے کر جانا ہے، آئی ایم ایف سے ریونیو نقصانات پر قابو پانے بارے بات جاری ہے، سولرپینل پر 18فیصد ٹیکس کو 10فیصد پر لانے کا فیصلہ ہوا ہے۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بجٹ کے حوالے سے اتحادیوں سے مشاورت جاری ہے، گزشتہ روزاتحادیوں سے بجٹ پر6سے زائدنشستیں کیں،حکومت نے بجٹ میں بعض تجاویز پرنظرثانی کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل ٹیکس بارے غلط فہمی پائی جاتی تھی، یہ سیلز ٹیکس صوبوں کاحق ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی ڈی سی ایل چاروں صوبوں میں منصوبے مکمل کریگی،یہ پی ڈبلیوڈی کا متبادل ہے۔ انہوںنے بتایا کہ آئی ایم ایف سے ریونیو نقصانات پر قابو پانے بارے بات جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ سولرسسٹم کیلئے46فیصد مال درآمد کیا جاتا ہے، سولرپینل پر18فیصدٹیکس کو10فیصدپرلانے کافیصلہ ہوا ہے جبکہ سندھ کی یونیورسٹیزکیلئے فنڈز بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت دن بدن مستحکم ہورہی ہے، سب نے ملکر ملک کو آگے لیکر جانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہیں، گزشتہ روز دو درجن سے زائد او آئی سی ممالک نے مشترکہ طور پر اسرائیل کے ایران پر حملے کی مذمت کی تھی۔