واشنگٹن (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی جنگی کارروائیاں اس وقت بھی "پوری قوت کے ساتھ ” جاری ہیں اور انہوں نے پیش گوئی کی کہ آنے والے دنوں میں مزید امریکی ہلاکتیں ہو سکتی ہیں۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر چھ منٹ کے ویڈیو پیغام میں کہا کہ جنگی کارروائیاں اس وقت پوری طاقت کے ساتھ جاری ہیں اور اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک ہمارے تمام اہداف حاصل نہیں ہو جاتے۔ ہمارے اہداف بہت مضبوط ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ اہداف کیا ہیں۔
امریکی ہلاکتوں کے امکان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس کے ختم ہونے سے پہلے مزید ہلاکتیں ہو سکتی ہیں، یہی حقیقت ہے۔
ٹرمپ نے ایرانی اسلامی انقلابی گارڈز کور کے ارکان سے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ وہ "ہتھیار ڈال دیں” تاکہ انہیں مکمل استثنیٰ مل سکے۔
ادھر ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اے بی سی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ کسی بھی ملک کے رہنما کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ایران کو جاری امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں کا جواب دینے سے روکے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے اور ایرانی افواج اپنے ملک کا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
امریکہ اور اسرائیل نے ہفتے کی صبح ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فضائی حملے شروع کئے، جس کے جواب میں تہران نے اسرائیل اور خلیجی خطے میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملے شروع کر دیئے۔
اس سے قبل اتوار کے روز ٹرمپ نے فاکس نیوز کو بتایا کہ ایران پر حملوں میں 48 اعلیٰ حکام مارے جا چکے ہیں۔
ایران نے اتوار کو تصدیق کی کہ اس کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای ایک روز قبل امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں میں شہید ہو گئے تھے۔


